امریکہ ایران جنگ بندی پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا اہم وڈیو بیان

حالیہ جنگ میں واضح ہوگیا ہے کہ امریکہ خلیجی ریاستوں کا تحفظ نہیں کرسکتا

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور حافظ نعیم الرحمن نے ایران کے ساتھ عارضی جنگ بندی پر ایرانی قوم کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور گلف کی صورتحال کو نارملائز کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جو ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ خطے میں اسرائیل کے پپٹ کے طور پر کام کر رہا ہے اور صہیونی عناصر دنیا بھر میں امریکی طاقت کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ صورتحال میں امریکہ کو اخلاقی، سفارتی اور فوجی سطح پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ دنیا بھر کے باضمیر انسان امریکی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کا کردار نہایت اہم ہو گیا ہے اور اسے تمام ممالک کے ساتھ متوازن اور مستحکم تعلقات استوار کرنے چاہئیں۔ انہوں نے باہمی تجارتی تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ فوری شروع کیا جائے تاکہ ملکی توانائی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو خلیجی ممالک اور ایران کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں کی طرف بڑھنا ہوگا اور گیس و پیٹرول کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پاک-سعودی عرب دفاعی معاہدے میں ترکیہ اور ایران کو بھی شامل کیا جائے جبکہ دیگر خلیجی ممالک رضاکارانہ طور پر اس میں شریک ہوں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حالیہ جنگ نے واضح کر دیا ہے کہ امریکہ خلیجی ریاستوں کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکا ہے اور خطے میں قائم امریکی اڈے دراصل اسرائیلی مفادات کے تحفظ کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔

انہوں نے عالمی سطح پر ایک نئے بلاک کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے تحفظ کے لیے چین اور روس کو ساتھ ملا کر مؤثر اتحاد قائم کیا جائے۔

آخر میں انہوں نے جنگ بندی کے اعلان کے باوجود لبنان پر اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھلی دہشت گردی ہے جسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top